وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سعودی عرب کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد امیر قطر کی دعوت پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے ہیں۔ دوحہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیر اعظم کے استقبال کے لیے قطر کے وزیر مملکت برائے ثالثی امور محمد بن عبدالعزیز الخلیفی، قطر میں پاکستانی سفیر اور دیگر اعلیٰ سفارتی عملہ موجود تھا۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء خواجہ آصف، جام کمال خان، محمد اورنگزیب، اور عطاء اللہ تارڑ بھی موجود ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران قطر کے امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کریں گے، جس میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوگا۔ اس ملاقات کا مقصد اقتصادی اور سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مواقع میں وسعت لائی جا سکے۔
وزیر اعظم کے شیڈول میں قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے وفد سے ملاقات بھی شامل ہے، جس میں ممکنہ سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے، جس کا مقصد پاکستانی معیشت میں قطر کی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور پاکستانی اور قطری کاروباری افراد کے درمیان تجارتی مواقع کو مزید وسعت دینا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ قطر کا ایک اور اہم پہلو قطر میوزیم میں "منظر آرٹ ایگزیبیشن؛ 1940 سے اب تک پاکستان میں آرٹ اور آرکیٹیکچر” کی افتتاحی تقریب میں شرکت ہے۔ اس ایگزیبیشن کا مقصد پاکستانی فن اور تعمیرات کی تاریخی اور عصری ترقی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ اس تقریب میں پاکستانی ثقافت کے مختلف پہلوؤں کو بھی نمایاں کیا جائے گا اور قطری عوام کو پاکستانی آرٹ کے مختلف زاویوں سے روشناس کرایا جائے گا۔وزیر اعظم کا یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کی جانب ایک اہم قدم ہے اور توقع ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے نئے باب کھلیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف قطر پہنچ گئے، امیر قطر اور کاروباری رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع
Shares: