اسلام آباد: وزیراعظم کی زیرصدارت اہم ملاقات میں ایئر چیف مارشل سے پاک فضائیہ کے پیشہ ورانہ امور اور دفاع وطن میں ان کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے شہدا اور جوانوں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک فضائیہ ملک کے دفاع کی مضبوط دیوار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ نے معرکہ حق میں دشمن کے ہوائی جہاز گرا کر دشمن کو کاری ضرب دی ہے، جو قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شاہین وطن عزیز کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ چوکس اور تیار ہیں اور یہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح ملک کی فضائی حدود کا تحفظ کر رہے ہیں۔ملاقات کے دوران دفاعی امور، پاک فضائیہ کی جدید ترین تربیت، فنی صلاحیتوں میں اضافے اور نئے تکنیکی آلات کے حصول پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو ملک کی سلامتی کی ضمانت قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ کا کردار ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے اور حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کر کے اس ادارے کو مزید مضبوط بنائے گی۔

Shares: