وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں حافظ نعیم الرحمن نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کو سراہا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مشکلات کے باوجود عوامی ریلیف کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور اس مشن کو جاری رکھا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ انشاء اللہ پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رہے گا اور عوام کی مشکلات حل کرنے کی کوششیں تیز تر ہوں گی۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی بلا اشتعال بمباری اور ظلم و ستم پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی قوتیں غزہ میں ہونے والی اسرائیلی جارحیت پر خاموش ہیں، حالانکہ یہ ایک سنگین انسانی بحران کی صورت اختیار کر چکا ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان غزہ کے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و جبر کے خلاف ہر بین الاقوامی فورم پر آواز اٹھاتا رہے گا اور فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا مؤقف اس حوالے سے بالکل واضح ہے، اور ہم ہمیشہ فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کا عزم ہے کہ فلسطینیوں کے حق میں عالمی سطح پر ہر ممکن اقدامات کیے جائیں تاکہ ان کے حقوق کی مکمل بحالی ہو سکے اور اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کیا جا سکے۔