اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیرِ داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سید محسن رضا نقوی نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے وزیرِ اعظم کو اپنے حالیہ دورہِ امریکہ کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا، جس میں انہوں نے اہم امریکی حکام، کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کیں۔محسن نقوی نے وزیرِ اعظم کو چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم نے محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے بڑی بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد سے پاکستان کی کرکٹ کی ساکھ میں مزید بہتری آئے گی اور عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔
ملاقات میں وفاقی وزیرِ داخلہ نے وزیرِ اعظم کو اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے ترقیاتی کاموں کی رفتار کو سراہا اور حکومت کی جانب سے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ، سید محسن نقوی نے وزیرِ اعظم کو انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروپوں کے خلاف جاری آپریشنز کی پیش رفت اور ان کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرِ داخلہ نے اس حوالے سے کی جانے والی کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس غیر قانونی کاروبار کا خاتمہ کیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران وزیرِ داخلہ نے وزیرِ اعظم کو ملکی امن و امان کی موجودہ صورتحال پر بھی بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم نے امن و امان کی صورتحال پر حکومت کی حکمت عملی کو مزید مضبوط کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ امن و سکون کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
امریکا میں غیرقانونی تارکین وطن کو گوانتانامو بے بھیجنے کا اعلان
واشنگٹن ائیرپورٹ کے قریب مسافر طیارہ اور فوجی ہیلی کاپٹر کے درمیان خوفناک تصادم