پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں درج ذیل متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔

اجلاس بھارت کی پاکستان کے خلاف جارحیت اور بلاجواز جنگ مسلط کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے جس میں معصوم بچوں، خواتین سمیت پاکستان کے عام شہریوں، مساجد کو شہید کیاگیا۔ اجلاس اپنے تمام شہدا کو عقیدت کے پھول پیش کرتا ہے، اْن کے اہل خانہ کے حوصلے اور صبر کو خراج تحسین اور غازیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔ اجلاس اپنی بہادر مسلح افواج کو سلام پیش کرتا ہے جس نے 6 اور 7 مئی اور پھر 10 مئی کو آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دشمن کا جدید ہتھیاروں اور جنگی جنون کا غرور خاک میں ملا دیا۔ اجلاس چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سمیت پاک فوج کے افسران، جوانوں، انٹیلی جنس اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جن کی عسکری مہارت اور دفاع وطن کے بے مثال جذبے سے پاکستان اور چوبیس کروڑ پاکستانی سربلند ہوئے۔

اجلاس پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد جناب محمد نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے تاریخ کے اس نازک اور فیصلہ کن مرحلے پر وفاقی حکومت کی راہنمائی کی اور اپنے تجربے کی روشنی میں مسلسل مشاورت سے دفاع وطن اور قومی مفادات کے تحفظ میں اپنا گراں قدر حصہ ڈالا۔ اجلاس وزیراعظم محمد شہبازشریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے، معاشی اور سیاسی استحکام لانے اور بھارت کی مسلط کردہ جنگ کے دوران دفاع وطن کے تقاضے نبھانے میں تاریخی قائدانہ کردار ادا کیا، سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ بہترین نظم پیدا کرکے پاکستان کو دنیا میں سربلند کیا۔ بھارت کی اشتعال انگزیوں کے باوجود نہایت تدبر، حوصلے اور ضبط وتحمل سے بروقت اور درست فیصلے کئے۔ عوام کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی اور عسکری، عوامی اور سیاسی وجود کو یکجان کرکے پوری قوم کو ایک وحدت بنادیا۔جلاس خاص طورپر بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی بے مثال عسکری قیادت، بھارتی کو جنگ کے میدان میں شکست دینے کی بہادری، بہترین عسکری حکمت عملی کی تیاری پر فیلڈ مارشل کا اعلی ترین عسکری اعزاز دینے کو سراہتا ہے۔ غیرمعمولی عسکری اعزاز پر جنرل سید عاصم منیر کو مبارک دیتے ہوئے سمجھتا ہے کہ یہ اجتماعی طورپر افواج پاکستان کی بہادری کے اعتراف کا مظہر ہے۔

اجلاس وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے عوامی اور انتظامی محاذ پر بروقت فیصلے کئے۔ ایک طرف قوم کا جذبہ بڑھایا، بھرپور عوامی حمایت سے مسلح افواج کے جذبے بڑھائے، پولیس، رینجرز، ضلعی انتظامیہ، ہسپتال اور دیگر اداروں کو ہنگامی حالات کے لئے بروقت مستعد اور تیار کیا۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے عوام کی بروقت طبی امداد کے لئے بہترین انتظامات کئے۔ اجلاس امتحان کی اس گھڑی میں وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے تدبر اور قائدانہ صلاحیتوں کو بھرپور سلام پیش کرتا ہے۔ اجلاس پاکستان کے عوام کو سلام پیش کرتا ہے جو آزمائش کی گھڑی میں ایک وجود بن گئی۔ تمام سیاسی جماعتوں کو سراہتی ہے جنہوں نے فروعی اختلافات بالائے طاق رکھے۔اجلاس میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جس نے بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کیا اور پوری دنیا ہی نہیں خود بھارت کے عوام سے اپنی پیشہ ورانہ قابلیت کا اعتراف کرایا۔ اجلاس خضدار میں سکول بس پر دہشت گردوں کے بہیمانہ حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرہ اور غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ اجلاس میں شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن)کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کوپہلے جامع اور منفردبیوٹی فکیشن پلان اور ہر پراجیکٹ کے بارے میں خودتین گھٹنے طویل بریفنگ دی۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے بتایا کہ بیوٹی فکیشن پلان کے تحت ہر ڈسٹرکٹ کے بازاروں میں لٹکتے بے ہنگم بجلی کے تار انڈر گراؤنڈ کیے جائیں گے۔ ہر ڈسٹرکٹ اور تحصیل میں ریڑھی بازار قائم ہوگا اور مختلف شہروں میں کینالز کوبھی سجایا جائے گا۔ بیوٹی فکیشن پلان کے تحت بازاروں کی ری ماڈلنگ، انفراسٹرکچر میں بہتری لائی جائے گی اور فوڈ سٹریٹ بھی قائم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان اسمبلی سے انکی نشستوں پر جا کر ملاقات کی اور ارکان اسمبلی سے حال احوال دریافت کیا۔ ارکان اسمبلی نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ ارکان اسمبلی نے قائد محمد نواز شریف، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ارکان اسمبلی نے بیک وقت 80 سے زائدبڑے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں صوبہ بھر میں نئے پراجیکٹس لانے کے اعلانات کیے۔ صوبہ بھر میں پنجاب ڈویلپمنٹ پلان لانے کا اعلان کیا۔ 60-شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اسی سال مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے 800 گاؤں کو بتدریج ماڈل ویلج بنانے کا اعلان کیا۔ ارکان اسمبلی کی مشاورت سے دیہات میں 400کلو میٹر چھوٹی رابط سڑکوں کی تعمیر و توسیع کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اگلے سال سے سڑکوں کی تعمیر و توسیع کیلئے ڈھائی سو ارب کے فنڈز دینے کا اعلان کیا۔اجلاس میں 1100 الیکٹرک بسیں پنجاب کے تمام اضلاع کو دینے کا اعلان کیا۔ سال کے آخر تک ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں میٹرو بس سروس جلد شروع کرنے کا اعلان کیا۔ لاہور کینال روڈ پر اے آر ٹی ٹرانسپورٹ پراجیکٹ بھی جلد شروع کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب بھر میں نادار اور ضرورت مندوں کے لئے راشن کارڈ جلد لانچ کرنے کا اعلان کیا۔ ہر بڑے شہر میں واسا قائم کرنے کا اعلان کیا۔ہرڈویڑن میں سینٹر آف ایکسی لنس کنڈرگارٹن کیمپس بنانے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو وعدہ کروں گی پورا کروں گی۔ تجاوزات کے خاتمے سے صوبہ بھر میں بازار کھلے اور عوام خوش ہیں۔ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ ستھرا پنجاب کو روز بروز بہتر سے بہترین بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ شہروں کے بعد پہلی مرتبہ گاؤں کو بھی صفائی پروگرام میں شامل کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کوئی ڈسٹرکٹ یا تحصیل بیوٹی فکیشن پلان سے محروم نہیں رہے گا۔ ارکان اسمبلی میرے بہن، بھائیوں کی طرح اور آنکھیں اور کان کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بے رحمانہ آپریشن کرینگے۔ شرپسند عناصر پنجاب میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔ سی ٹی ڈی کو مضبوط بنا یا، صوبہ بھر میں کومبنگ آپریشن ہورہے ہیں۔ چند ماہ میں پنجاب کے سب شہر سیف سٹی ہونگے۔ پنجاب میں مؤثر اینٹی نارکوٹکس فورس کو متحرک کردیا گیا۔ بے زبان جانوروں کے تحفظ کی بھی مؤثر مہم جاری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ 8ہزار پر مشتمل پیرا فورس انسداد تجاوزات،پرائس کنٹرول اور دیگر امور کے لئے کام شروع کرنے کے لئے تیار ہے۔لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت6 ہزار گلیاں، سیور اور واٹر ٹینک وغیرہ بن رہے ہیں۔ عوام کا پیسہ اب عوام پر ہی خرچ ہورہا ہے۔ ایک ایک پیسہ عوام کی امانت ہے، سوچ سمجھ کر خرچ کرنا ہے۔ نیک نیتی سے کام کررہے ہیں اللہ تعالیٰ ضرور اجر دے گا۔ رمضان پیکج کی شفافیت کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ عوام کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کا مفاد بھی پیش نظر ہے۔ لاہور میں 450 کلومیٹر تک سیور لائن ڈالی جارہی ہے۔ عوام کی خدمت میں معاونت کرنے والی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں۔معاون خصوصی برائے سیاسی اموررانا ثنا ء اللہ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے عام آدمی کی بھلائی کے اقدامات کو سراہا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی ارشد وڑائچ مرحوم اور ایم پی اے فیصل کے والد مرحوم کے لئے بھی دعا مغفرت کی گئی۔

Shares: