پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر اور لطیف کھوسہ کے دو دو حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرودایے گئے۔ پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 129 سے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے گئے جبکہ پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 171 سے بھی پی ٹی آئی رہنما کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں۔سردار لطیف کھوسہ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 127 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔ لطیف کھوسہ کے این اے 122 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع ہوگئے۔پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے ریٹرننگ افسر کے روبرو خود کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
جبکہ پی ایم ایل این کے ن احسن اقبال نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 76 سے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے۔اس موقع پر نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں لاڈلوں کا بہت چرچا ہے۔ ہر کوئی کسی نا کسی کا لاڈلہ ہے، نواز شریف پاکستان کے 24 کروڑ عوام کا لاڈلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ عوام کے درد کو محسوس کیا، نواز شریف نے ملک اور عوام کی ترقی کےلیے کام کیا، پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ نواز شریف کا خواب ہے پاکستان کی معیشت بھی ناقابل تسخیر بنے۔ ہمیشہ نواز شریف کے خوابوں کو مکمل نہیں ہونے دیا گیا۔