مسلم لیگ ن کے رہنمامرتضیٰ جاوید عباسی کا خیبرپختونخوا حکومت سے پنجاب جیسا ریلیف دینے کا مطالبہ

0
37
murtaza abasi

مسلم لیگ ن کے خیبرپختونخوا کے سیکرٹری جنرل مرتضیٰ جاوید عباسی نے خیبرپختونخوا حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عوام کو پنجاب کی طرح ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ جاوید عباسی نے خیبرپختونخوا حکومت کو ناکام ترین حکومت قرار دیا اور صوبے میں تعلیم، صحت، اور گورننس کی بدترین حالت پر افسوس کا اظہار کیا۔مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور صوبے کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، جبکہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کی کابینہ کے اندرونی اختلافات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کابینہ کے تین ارکان نے وزیراعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب وزیراعلیٰ اتنے مختصر عرصے میں متنازع ہو چکا ہے، تو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کیسے کام کر سکے گا؟مرتضیٰ جاوید عباسی نے افسوس کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا میں تیسری مرتبہ ایسے لوگوں کو حکومت بنانے کا موقع ملا ہے جنہوں نے صوبے کی حالت کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں خیبرپختونخوا کے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور حکومت عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہو چکی ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت نے صوبے کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ وہ عوام کے سامنے اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرے اور ان کے لئے حقیقی ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو پنجاب کی طرز پر عوامی ریلیف دینے کے لئے فوری اقدامات کرنے چاہیے تاکہ عوام کو ان کی بنیادی ضروریات فراہم کی جا سکیں۔

Leave a reply