پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے،دکھ کی اس گھڑی میں ہم متاثرین کے ساتھ ہیں،متحد قوم ،فاتح پاکستان مہم جاری رہے گی، یوم آزادی پر پاکستانی قوم کا جوش و خروش اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ ملکی سالمیت و دفاع کیلئے افواج پاکستان و قوم یکجا ہیں، مرکزی مسلم لیگ کی تنظیم و تربیت سازی کا عمل مکمل کیا جائے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں مرکزی مسلم لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک، انجینئر حارث ڈار،مرکزی ترجمان تابش قیوم و دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں ہفتہ آزادی مہم کے دوران ملک بھر میں ہونے والے یوم آزادی کے پروگراموں ،تقریبات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں خیبر پختونخوا میں سیلاب سے جاں بحق افراد کے لئے دعائے مغفرت کی گئی، جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا،اجلاس میں بونیر،سوات،شانگلہ ،باجوڑ و دیگر متاثرہ علاقوں میں جاری ریلیف آپریشن بارے بھی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں مرکزی مسلم لیگ کی تنظیم سازی کا عمل مکمل کرنے پر بھی زور دیا گیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں سیلاب سے جو نقصان ہوا اس پر ہر کارکن غمزدہ ہے،یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ متاثرین کی امداد کا ہے، مرکزی مسلم لیگ کا ہر کارکن خدمت کے جذبے کے ساتھ متاثرین کی مدد کرے، متاثرین میں پکی پکائی خوراک کی تقسیم کا سلسلہ بڑھایا جائے،دوردراز علاقوں میں بھی مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار پہنچیں ،کوشش کی جائے کہ متاثرہ علاقوں میں کوئی بھوکا نہ سوئے،لاہور،اسلام آبادو دیگر شہروں سے ہنگامی بنیادوں پر مرکزی مسلم لیگ کی میڈیکل ٹیمیں بھی خیبر پختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں روانہ کی جائیں،خدمت کی سیاست مرکزی مسلم لیگ کا منشور،ہمیں ووٹ نہ ملیں تب بھی خدمت کا عمل جاری و ساری رہے گا،
خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ متحد قوم،فاتح پاکستان ہفتہ آزادی کے دوران ملک گیر پروگراموں میں پاکستانی قوم میں ایک نیا ولولہ دیکھنے کو ملا،دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے ضروری ہے کہ متحد قوم کی تحریک جاری رہے، مرکزی مسلم لیگ اتحاد ویکجہتی کی اس تحریک کو جاری رکھے گی،مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان کو بھر پور اور کامیاب پروگراموں کے انعقاد پرمبارکباد پیش کرتا ہوں،مرکزی مسلم لیگ کی تنظیم و تربیت سازی کا عمل بھی جاری رکھا جائے، ہم نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست کی بجائے اخوت و رواداری اور اتحاد ویکجہتی کی سیاست کریں گے،اس کے لئے ضروری ہے کہ ملک بھر میں تنظیم سازی و تربیت سازی کا عمل بھی تیز کیا جائے.