پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ اہل غزہ پر اسرائیلی بربریت کے خلاف مرکزی مسلم لیگ کی تحریک جاری رہے گی، قیام امن کے لئے پاکستان میں سب کو متحد کریں گے، نوجوانوں کو ہنر مندبنانے کے لئے یکم مئی سے ملک بھر میں آئی ٹی اسکلز کورسز شروع کر رہے ہیں،مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست جاری رکھے گی.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا،پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ہونے والے تین روزہ اجلاس کی صدارت صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو نے کی، اجلاس میں سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری،نائب صدور حافظ طلحہ سعید، حافظ عبدالرؤف، جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک،انجینئر حارث ڈار،ترجمان تابش قیوم ،صوبائی صدور فیصل ندیم، چوہدری محمد سرور، عارف اللہ خٹک سمیت شعبہ جات کے ذمہ داران، ضلعی تنظیمی عہدیداران نے شرکت کی.
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے اجلاس میں موجودہ ملکی و عالمی سیاسی صورتحال، رمضان المبارک میں جاری "خدمت کا رمضان” مہم کا جائزہ لیا گیا۔پارٹی قیادت نے رمضان المبارک کے دوران ملک بھر میں  "خدمت کا رمضان” سحر وافطار کی کامیاب مہم پر کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا،صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ
خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ کارکنان نے جس اخلاص اور جذبے سے رمضان میں عوامی خدمت کی، وہ قابلِ فخر ہے۔ یہ مہم صرف ایک شروعات ہے، ہمارا ہدف ہر گلی، ہر محلے، اور ہر گھر بلکہ ہر فرد تک پہنچنا ہے۔
اجلاس میں غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف ہفتہ یکجہتی فلسطین مہم کا جائزہ لیا گیا، ملک گیر پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا،اجلاس میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے اجتماعی دعا کروائی گئی اور ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ قرارداد میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف فوری اور موثر اقدامات کریں۔سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ ہر فورم پر فلسطینی بھائیوں کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی،اسرائیلی بربریت پر خاموشی ظلم کی حمایت کے مترادف ہے
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مرکزی مسلم لیگ قیام امن کے لئے ملک گیر تحریک چلائے گی، پاکستانی قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا جائے گا، ملک میں امن ہو گا تو سرمایہ کاری ہو گی اور پاکستان میں خوشحالی آئے گی،نائب صدر حافظ طلحہ سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت مثبت، تعمیری اور مصالحتی سیاست کی ضرورت ہے۔ ہم نفرت کی نہیں، محبت اور اخوت کی سیاست کریں گے،قیام امن کے لئے مرکزی مسلم لیگ سب جماعتوں ،عوام کو متحد کرے گی
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ مرکزی مسلم لیگ پاکستان میں بے روزگاری کے خاتمے اور نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے آئی ٹی اسکلز کورس کروائے گی،آئی ٹی اسکلز کورسز کا آغاز یکم مئی سے ہو گا، ملک بھر میں نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی تا کہ وہ ہنر مند بن کر معاشرے میں تعمیری کردار ادا کر سکیں ،ترجمان تابش قیوم کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ کا وژن ہے کہ نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کیا جائے تاکہ وہ روزگار کے مواقع خود پیدا کر سکیں اور ملک کی معیشت میں مثبت کردار ادا کریں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مرکزی مسلم لیگ کی تنظیم کو یونین کونسل سطح تک منظم کیا جائے گا۔ ہر وارڈ اور محلہ میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو عوامی مسائل کے حل میں عملی کردار ادا کریں گی۔








