بلوچستان کے عوام امن کے خواہاں،دہشتگردی کو مسترد کر دیا،حافظ محمد امجد
بلوچ محب وطن،پاکستان پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، میر عارف بادینی
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام کوئٹہ میں بلوچستان امن مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی و سماجی رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام امن چاہتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف بلوچ قوم کا آج سڑکوں پر آنا اس امر کی دلیل ہے کہ اہل بلوچستان نے ملک دشمن قوتوں کو مسترد کر دیا ہے،بلوچستان محفوظ ہو گا تو پاکستان محفوظ ہو گا، بلوچستان امن مارچ کا مقصد بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے آواز بلند کرنا ہے،پاکستان مرکزی مسلم لیگ قیام امن کے لئے ملک بھر کی سیاسی جماعتوں کو متحد کر کے تحریک چلائے گی.
ان خیالات کا اظہار پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ریلوے سٹیشن سے پریس کلب تک منعقدہ بلوچستان امن مارچ سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ بلوچستان کے صدر حافظ محمد امجد،بلوچ رہنماؤں میر عارف بادینی ،صدر ملی لیبر فیڈریشن بلوچستان میر شکر خان رئیسانی ،چیئرمین سرمست قومی اتحاد غلام حسین مومن و دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلوچستان امن مارچ کی قیادت مرکزی مسلم لیگ بلوچستان کے صدر حافظ محمد امجد نے کی، بلوچستان امن مارچ کا آغاز ریلوے اسٹیشن سے ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا کوئٹہ پریس کلب پر اختتام پذیر ہوا، بلوچستان امن مارچ میں بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے .شرکا نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے،امن مارچ کےشرکاء نے امن و یکجہتی کے حق میں نعرے لگائے.
بلوچستان امن مارچ کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد امجد نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن چاہتے ہیں اور ترقی کے خواہاں ہیں،بلوچستان میں دہشت گردی کی نئی لہر نہ صرف صوبے بلکہ ملک کے امن و امان کے لئے انتہائی خطرناک ہے،سی پیک پاکستان کا بہترین منصوبہ جس کو ناکام بنانے کے لئے مذموم سازشیں کی جا رہی ہیں،مرکزی مسلم لیگ بلوچستان کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرے گی، بلوچستان کے مسائل کا حل پرامن مذاکرات اور باہمی مشاورت سے ہی ممکن ہے۔تمام سیاسی جماعتیں بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں،صوبے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ہمارا دل بلوچی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ہمارا بلوچستان کے ساتھ لا الہ الا اللہ کا رشتہ ہے اور اسی کلمے کو بنیاد بنا کر ہم سیاست کے میدان میں اترے ہیں
بلوچ رہنماؤں میر عارف بادینی ،صدر ملی لیبر فیڈریشن بلوچستان میر شکر خان رئیسانی ،چیئرمین سرمست قومی اتحاد غلام حسین مومن و دیگرکا کہنا تھا کہ بلوچستان کے شہری دہشت گردی کو مسترد کرتے ہیں، بلوچ محب وطن ہیں اور پاکستان پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، بلوچوں کا خون پاکستان کے دفاع کے لئے سب سے پہلے گرے گا، بلوچ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہی ہیں، بلوچستان کے باسیوں کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے، ہم امن چاہتے ہیں اور پاکستان کو محفوظ و خوشحال ملک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں، بلوچستان میں امن ہو گا تو پاکستان ترقی کرے گا.








