کوئٹہ: مرکزی مسلم لیگ شعبہ خدمت خلق نے خواتین کو باعزت روزگار اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے شہر بھر میں ایک بڑے فلاحی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے نہ صرف 20 نئے سلائی سنٹرز قائم کیے جائیں گے بلکہ 10 مفت ڈسپنسریوں کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرکزی مسلم لیگ کوئٹہ ڈویژن حافظ ادریس، صدر شعبہ خدمتِ خلق بلوچستان ڈاکٹر احسان، اور دیگر رہنماؤں ڈاکٹر ہارون، میر شاہجہان گرگناڑی، بخت خلجی، میر شکر خان رئیسانی، خدائے دوست کاکڑ، ملک اسلم بازئی، حاجی جمعہ گل اور ملک فہیم بڑیچ نے اس اقدام کو خواتین کی خود مختاری اور معاشی استحکام کے لیے ایک سنگِ میل قرار دیا۔ حافظ ادریس نے کہا کہ بلوچستان کے حالات انتہائی مخدوش ہیں، ایسے حالات میں لوگوں کو روزگار فراہم کرنا امن کے قیام کے لیے بھی ایک اہم کڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی مسلم لیگ پہلے ہی خواتین کے لیے سلائی اور بیوٹیشن سنٹرز چلا رہی ہے، جن میں سینکڑوں خواتین ہنر سیکھ رہی ہیں۔
پارٹی رہنماؤں نے بتایا کہ اب شہر کے 10 سے زائد علاقوں میں نئے سلائی سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جہاں خواتین کو نہ صرف سلائی سکھائی جائے گی بلکہ مستحق خواتین کو تربیت کے بعد سلائی مشینیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ یہ سنٹرز خواتین کو اپنے گھروں میں باعزت روزگار کمانے کے قابل بنائیں گے۔ مزید برآں، خواتین کے مدارس میں بھی سلائی سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ طالبات دینی تعلیم کے ساتھ ہنر بھی سیکھ سکیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ یہ اقدامات معاشی بہتری، خواتین کے بااختیار ہونے اور بلوچستان میں ایک خوشحال اور پُرامن معاشرے کی بنیاد رکھیں گے۔








