متاثرین کو خوراک کی فراہمی،میڈیکل کیمپ لگائے گئے،امدادی کاروائیاں تیز کریں،تابش قیوم
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے حالیہ بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ مرکزی صدر خالد مسعود سندھو کی خصوصی ہدایات پر راولپنڈی، چکوال، جہلم سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں پارٹی کارکنان کی جانب سے کھانے پینے کی اشیاء، میڈیکل سہولیات اور محفوظ نقل مکانی کا بندوبست کیا گیا ہے۔
مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی ترجمان تابش قیوم نے جمعہ کے روز جہلم اور راولپنڈی کے مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ریلیف آپریشن میں حصہ لینے والے کارکنان کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ ان کے ہمراہ مرکزی مسلم لیگ جہلم کے سیکرٹری جنرل چوہدری ہارون رفیق، اور دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے۔مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے راولپنڈی کے تین مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے جہاں ماہر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے خواتین اور بچوں کا مفت معائنہ کیا اور ادویات بھی فراہم کیں۔ متاثرہ علاقوں میں پکی پکائی خوراک کی تقسیم بھی جاری ہے، جبکہ وہ علاقے جہاں سڑکیں زیر آب آچکی ہیں، وہاں رضاکار کشتیوں کے ذریعے نہ صرف متاثرہ خاندانوں تک خوراک اور پینے کا پانی پہنچا رہے ہیں بلکہ متاثرین اور ان کے سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل بھی کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم کا کہنا تھاکہ مرکزی مسلم لیگ ہر ممکن طریقے سے اپنے بارش سے متاثرہ بھائیوں کی مدد جاری رکھے گی۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم آزمائش کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہوں، خدمت انسانیت مرکزی مسلم لیگ کا منشور ہے، ہمارا ہر کارکن خدمت کے جذبے سے معمور ہے،متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔