مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے کہا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ پاکستان کے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے سیاسی اور پرامن جدوجہد کے ذریعے ملک کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے اپنے بنیادی عہد کی بھرپور توثیق کرتی ہے،پاکستان مرکزی مسلم لیگ اصولوں کا یہ حتمی بیان جاری کرتی ہے، جس کے تحت ہر طرح کے تشدد، انتہا پسندی اور نفرت کو غیر مشروط طور پر مسترد کیا جاتا ہے۔ ہم ایک سیاسی اور آئینی جماعت ہیں۔ ہمارا یہ اقدام اپنے بنیادی اصولوں کی توثیق کرنے، اپنی جماعت کے خلاف جاری بے بنیاد الزامات اور بدنامی کی مہم کا جواب دینے، اور یہ واضح کرنے کے لیے ہے کہ ہم پاکستان کے آئینی ڈھانچے کے اندر اپنی پرامن جدوجہد کے ذریعے ملک کی بنیادوں اور فلاح و بہبود کو درپیش تمام خطرات کا مقابلہ کریں گے۔

حافظ طلحہ سعید کا کہنا تھا کہ "ہماری جماعت کی بنیاد اس یقین پر رکھی گئی تھی کہ سیاسی تبدیلی لانے کا جائز طریقہ یہ ہے کہ پرامن احتجاج، باوقار بحث و مباحثہ اور انتخابی عمل کے ذریعے سیاسی آزادیوں اور حقوق کے لیے مضبوط جدوجہد کی جائے۔ ہم تشدد کے بجائے نظریات کی طاقت پر؛ جبر کے بجائے قائل کرنے پر؛ اور دہشت کے بجائے امن پر یقین رکھتے ہیں۔پاکستان کو ایک صحتمند سیاسی نظام اور مستحکم معیشت درکار ہے، جو صرف قانون کی پاسداری کرتے ہوئے پرامن سیاسی جدوجہد، نظریات کے صحت مند مقابلے اور پرامن سیاسی عمل سے ہی حاصل کی جا سکتی ہے”۔حافظ طلحہ سعید کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کے حقوق اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کی آزادی کے لیے پرامن احتجاج اور سیاسی جدوجہد کرنا ہمارا آئینی اور سیاسی حق ہے۔ ہم آئین پاکستان کے تحت پرامن ذرائع سے اس حق کو استعمال کرنے کا اپنا عزم دہراتے ہیں۔ لہٰذا، عالمی برادری کو یہ تسلیم اور احترام کرنا چاہیے کہ ہم پرامن رہتے ہوئے، بھارتی قابض افواج کی جانب سے کشمیر پر غیر قانونی قبضے سے اختلاف کرنے، اور وہاں بھارتی جارحیت اور تشدد کی مخالفت کرنے کا حق رکھتے ہیں، اور اس بنا پر ہمارے امن کے عزم پر سوال نہیں اٹھایا جا سکتا۔ہماری جماعت آزادیوں کی پرامن سیاسی جدوجہد اور شراکت کی علمبردار ہے۔

حافظ طلحہ سعید کا مزید کہنا تھا کہ ہم بلوچستان اور خیبر پختونخوا (کے پی کے) کے صوبوں میں بھارتی حمایت یافتہ افراد، منظم گروہوں اور قانون شکنی کرنے والے غیر ریاستی عناصر کی طرف سے کسی بھی سیاسی مقصد کے لیے تشدد، دھمکیوں یا خوف و ہراس پھیلانے کے استعمال کی مذمت اور تردید کرتے ہیں۔ ہم ایسے انتہا پسندانہ نظریات کو مسترد کرتے ہیں جو پاکستان کے اداروں کو نقصان پہنچانے اور سازشی کہانیاں و غلط معلومات کو فروغ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہم نسل، مذہب، قومی اصل یا سیاسی عقیدے کی بنیاد پر ہر طرح کی تعصب کے خلاف کھڑے ہیں۔ہم آئین پاکستان، عدلیہ کی آزادی اور ہمارے انتخابی عمل کی سالمیت کے ساتھ اپنے غیر متزلزل عہد کا ایک بار پھر اعادہ کرتے ہیں۔”ہم تمام سیاسی جماعتوں، رہنماؤں اور شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سیاسی مباحثے کا معیار بلند کریں اور ایک خوشحال پاکستان کی ہماری سیاسی اور پرامن جدوجہد میں شامل ہوں۔ ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ملک کو درپیش اہم مسائل (معاشی خوشحالی سے لے کر قومی سلامتی تک) پر نیک نیتی سے بحث کریں گے، اور اس دوران ہمیشہ اپنے سیاسی عمل کی قانونی حیثیت اور اپنے ہم وطنوں کا احترام کریں گے”۔یہ کمزوری نہیں بلکہ طاقت اور وضاحت کا اعلان ہے۔ ہمارے ملک کے لیے ہمارا وژن اتحاد، ترقی اور مشترکہ خوشحالی کا ہے۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے اصولوں اور امن کا راستہ چنا ہے، اور ہم پوری قوم کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ اس پر چلے۔

حافظ طلحہ سعید کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ان اصولوں کو اپنی سرکاری پالیسی، عوامی رابطوں اور امیدواروں کی جانچ پڑتال کے عمل میں شامل کرے گی تاکہ قیادت سے لے کر نچلی سطح تک یکسانیت کو یقینی بنایا جا سکے۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ ایک ایسی سیاسی جماعت ہے جو تمام شہریوں کے لیے اقتصادی مواقع میں اضافے، تعلیم اور صحت کی عالمگیر فراہمی، نظریہ پاکستان سے وابستگی، انفرادی آزادی کا تحفظ اور زراعت، خواتین کو بااختیار بنانے اور زیادہ منصفانہ و مساوی معاشرہ تشکیل دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم سیاسی عمل کی قوت پر پختہ یقین رکھتے ہیں اور عوامِ پاکستان کی خدمت کے لیے وقف ہیں۔

Shares: