مظفرگڑھ (باغی ٹی وی)مظفرگڑھ کے معروف سرائیکی شاعر بلال بزمی نے اپنا مشہور ڈوہڑہ چوری کرنے کے الزام میں ٹک ٹاک سٹار حسیب بابا کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

تفصیلات کے مطابق بلال بزمی کا لکھا ہوا ڈوہڑہ حال ہی میں حسیب بابا نے کسی نامعلوم شاعر کے نام سے ٹک ٹاک پر پڑھا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔ بلال بزمی کو جب اپنے ڈوہڑے کی چوری کا علم ہوا تو انہوں نے فوراً حسیب بابا سے رابطہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ اس ڈوہڑے کو ان کے نام کے ساتھ دوبارہ ریکارڈ کریں۔

ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود حسیب بابا نے اس مطالبے کو نظر انداز کیا، جس پر بلال بزمی نے قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے اپنے وکیل سردار محمد حنیف خان چانڈیہ ایڈووکیٹ کے ذریعے حسیب بابا کو لیگل نوٹس بھجوا دیا۔ اس نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حسیب بابا بلال بزمی کو ہرجانے کی مد میں ساڑھے پانچ لاکھ روپے ادا کریں اور ان کا ڈوہڑہ ان کے نام کے ساتھ دوبارہ ریکارڈ کریں۔

بلال بزمی کے مطابق سرائیکی ادب میں ان کا یہ ڈوہڑہ ایک قیمتی اثاثہ ہے اور کسی اور کے نام سے اسے پیش کرنا ان کی تخلیقی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ادبی سرقہ ناقابل برداشت ہے اور اگر اس کا تدارک نہ کیا گیا تو یہ سرائیکی ادب کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔”

بلال بزمی کے لیگل نوٹس کے بعد سوشل میڈیا پر اس معاملے کی کافی بحث جاری ہے۔ سرائیکی ادب سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بلال بزمی کی حمایت میں آواز بلند کی اور مطالبہ کیا کہ ادبی حقوق کا تحفظ کیا جائے۔

حسیب بابا کی جانب سے اب تک اس نوٹس پر کوئی جواب سامنے نہیں آیا ہے۔ اگر وہ مقررہ وقت میں جواب نہیں دیتے تو بلال بزمی مزید قانونی کارروائی پر غور کر سکتے ہیں۔ اس واقعے نے سوشل میڈیا پر ادبی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے اور مستقبل میں ایسے معاملات کے لیے محتاط رویہ اپنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔

Shares: