ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹرجواد اکبر) ڈیرہ غازی خان پولیس اور کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (CCD) کی مشترکہ کارروائی کے دوران دلانہ پتی زئی میں ڈکیت گینگ سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اطلاعات کے مطابق ڈاکو گینگ کی موجودگی پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لیا، جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت سے جواب دیتے ہوئے گینگ کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا، تاہم ڈاکو پہاڑی راستوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کوہِ سلیمان کے دشوار گزار علاقوں کی طرف فرار ہو گئے۔ پولیس اور CCD کی ٹیموں نے فوری تعاقب کیا اور بارڈر ملٹری ایریا میرشالی میں دوبارہ آمنا سامنا ہوا، جہاں ایک اور مرحلے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ڈاکو گینگ ایک مرتبہ پھر پہاڑوں کی اوٹ میں فرار ہو گیا، تاہم سرچ آپریشن بدستور جاری ہے اور علاقے کو مکمل طور پر محاصرے میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات مزید تیز کر دیے گئے ہیں۔

ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، اہلکاروں سے ملاقات کی، آپریشن کی بریفنگ لی اور پولیس کی بہادری کو سراہا۔ انہوں نے اہلِ علاقہ سے بھی ملاقات کی اور اعتماد دلایا کہ:

"ڈیرہ پولیس عوام کے ساتھ ہے، پہاڑی و سرحدی علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔”

Shares: