ڈی جی خان میں پولیس کے جوانوں نے چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔
باغی ٹی وی : پولیس کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں جھنگی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کیا تھا جسے پولیس نے ناکام بنایا، ریجنل پولیس آفیسرسجاد حسن نے بتایا کہ چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں7 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، آر پی او کے مطا بق جھنگی چیک پوسٹ تونسہ کے علاقے میں خیبرپختونخوا پنجاب بارڈر پر واقع ہے، حملہ آور چیک پوسٹ پر قبضہ کرناچاہتے تھے۔دہشت گرد جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر قبضہ، تعینات اہلکاروں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے،15 سے 20 دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر مختلف اطراف سے شدید حملہ کیا،دہشتگردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینڈ، لیزر لائٹ گنز سمیت جدید اسلحہ استعمال کیا،پولیس جوانوں کی زبردست مزاحمت، ایمونیشن ختم ہونے پر دہشتگرد بھاگنے پر مجبور ہوئے،
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر قبضہ کرنا چاہتے تھے، 15 سے 20 دہشت گردوں نےتاریکی کا فائدہ اٹھا کر مختلف اطراف سے حملہ کیا۔حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینڈ، لیزر لائٹ گنز سمیت جدید اسلحہ استعمال کیا گیا،جھنگی چوکی پر تعینات 7 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں اے ایس آئی عمران، کانسٹیبلزعامر،عاشق ، رحمت اللہ، ثنا اللہ،طارق شامل ہیں۔زخمی ایلیٹ کانسٹیبل شاہد منظور کو علاج معالجے کیلئے نشتر اسپتال ملتان منتقل کردیا گیا۔آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے مذ موم عزائم کامیاب نہیں ہونےدیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے پر پولیس ٹیم کوخراج تحسین پیش کیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زخمی اہلکاروں کو علاج کی بہترین سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہمارا عزم ہے۔
بہاولپور، سی ٹی ڈی کی کاروائی، دو دہشتگرد جہنم واصل
دوسری جانب بہاولپورمیں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کےتبادلے میں زیرحراست 2 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، سی ٹی ڈی کے مطابق بہاولپور میں فائرنگ کے واقعے میں زیر حراست دو دہشت گرد ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے، جن کی شناخت عدیل عرف سیف اللہ خراسانی اور زین عرف اسد اللہ خراسانی کے نام سے کی گئی ہے۔حکام کے مطابق فائرنگ کے دوران سی ٹی ڈی ٹیم بھی بال بال بچ گئی،دونوں دہشت گردوں کو حاصل پور سے ایک قتل کی تفتیش کے دوران گرفتار کیا گیا تھا انہیں بہاولپور میں چھپائے گئے اسلحہ کی نشاندہی کے لیے لے جایا جارہا تھا، راستے میں دہشت گردوں کے ساتھیوں نے گھات لگا کر فائرنگ کی۔حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے نیٹ ورک نے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ کے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی اس حملے کیلئے ہلاک دہشت گرد عدیل عرف سیف اللہ خراسانی نے چار رکنی نیٹ ورک تشکیل دیا تھا، سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
 دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ایاز صادق
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق  نے تونسہ شریف میں جھنگی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ہے،اسپیکر  نے دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا، اور کہا کہ پولیس اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام ہوا، دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،








