پنجاب کے ضلع وہاڑی کے شہر بورے والا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک پولیس کانسٹیبل نے چھٹی نہ ملنے پر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کانسٹیبل لئیق احمد نے خود کو سینے میں گولی مار لی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔اہلِ خانہ کے مطابق لئیق احمد کئی دنوں سے کام کے دباؤ میں تھا اور مسلسل چھٹی نہ ملنے کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ لئیق احمد چھٹی کی درخواست مسترد ہونے پر دل برداشتہ ہو گیا تھا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی کانسٹیبل کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، لیکن حالت بگڑنے پر انہیں ساہیوال کے بڑے اسپتال میں منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لئیق احمد پنجاب کانسٹیبلری میں تعینات تھا اور وہ گزشتہ کچھ عرصے سے کام کے دباؤ کی شکایت کر رہا تھا۔ اس واقعے پر پولیس اہلکاروں میں افسردگی کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔