اسلام آباد(باغی ٹی وی رپورٹ)پرتشدد احتجاج، ہکلہ انٹرچینج پر پولیس کانسٹیبل شہید، 70 اہلکار زخمی،پی ٹی آئی کارکنان کے حملے میں کانسٹیبل مبشر شہید، وزیرداخلہ کا شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا عزم

تفصیل کے مطابق احتجاج کی آڑ میں پرتشدد مظاہروں کے دوران پی ٹی آئی کے کارکنان نے ہکلہ انٹرچینج پر ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں پنجاب پولیس کے کانسٹیبل مبشر شہید ہو گئے۔ 46 سالہ کانسٹیبل مبشر، جو مظفر گڑھ سے تعلق رکھتے تھے، سر پر شدید چوٹ کے باعث تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیے گئے تھے جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔ شہید کانسٹیبل مبشر کے پسماندگان میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔

پرتشدد مظاہروں میں پولیس کے 70 اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں سر، بازو، اور ٹانگوں پر چوٹیں آئیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت کا عمل جاری ہے اور شدت پسند عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کانسٹیبل مبشر کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہید کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل مبشر نے فرض کی ادائیگی میں شہادت کا بلند مرتبہ حاصل کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تشدد کرنے والے مظاہرین کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

Shares: