ننکانہ صاحب باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈی پی او سردار موارہن خان کی ہدایت پر ضلعی پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری۔ ننکانہ پولیس نے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف جرائم میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے۔ ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ اور منشیات برآمد۔ ڈی پی او کی پولیس ٹیموں کو شاباش۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ مانگٹانوالا پولیس نے ایس ایچ او محمد علی چدھڑ کی سربراہی میں دوران سرچ آپریشن ناجائز اسلحہ قبضہ میں رکھنے والے تین ملزمان شوکت کھچی، ہدایت اللہ اور عمران کو گرفتار کیا۔ ملزم شوکت کے قبضہ سے رپیٹر، ملزم ہدایت اللہ کے قبضہ سے رائفل اور ملزم عمران سے پسٹل برآمد کیا۔ دوسری جانب تھانہ صدر شاہکوٹ پولیس نے دوران سنیپ چیکنگ ملزم کاشف کو ناجائز اسلحہ قبضہ میں رکھنے پر پسٹل سمیت گرفتار کیا۔ تھانہ صدر ننکانہ کی چوکی 5 چک پولیس نے ملزم عثمان کو دوران کاروائی ناجائز اسلحہ قبضہ میں رکھنے پر گرفتار کر کے پسٹل برآمد کر لیا۔ مزید کاروائی کے دوران تھانہ صدر سانگلہ ہل پولیس نے ملزم بلاول کو ناجائز اسلحہ قبضہ میں رکھنے پر دوران سنیپ چیکنگ گرفتار کیا دریں اثناء تھانہ سٹی شاہکوٹ پولیس نے ایس ایچ او عمران آصف کی سربراہی میں منشیات فروش سلیم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضہ سے ڈیڑھ کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ ڈی پی او سردار موارہن خان نے پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں مزید موثر بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ اسلحہ کی نمائش اور قبضہ میں رکھنے والے نقص امن کے مرتکب ہیں۔ قانون شکنی کے مرتکب عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ منشیات فروش نوجوان نسل کے دشمن ہیں۔ ضلع بھر سے منشیات فروشی کے ناسور کا خاتمہ میری اولین ترجیح ہے

Shares: