اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے تھانہ دھوڑ کوٹ کی حدود میں رات گئے پولیس اور مسلح افراد کے درمیان خوفناک فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک مشتبہ شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ دھوڑ کوٹ پولیس معمول کے گشت کے دوران ناکہ بندی پر موجود تھی کہ اسی دوران موٹر سائیکل نمبر AMG-2534 پر سوار چند نامعلوم افراد نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کی گئی، جس میں ایک حملہ آور کو سینے پر گولی لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

ہلاک شخص کی شناخت عمران ولد عبدالعزیز، عمر تقریباً 28 سال کے نام سے ہوئی ہے۔ فائرنگ کے دوران اس کے ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کنٹرول روم نے جھانگڑا انٹرچینج سے امدادی ٹیم جائے وقوعہ کی جانب روانہ کی، تاہم ریسکیو ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ پر پہنچنے تک ہلاک ہونے والے کے وائٹل سائنز ختم ہو چکے تھے۔ پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔








