تھانہ سٹی پتوکی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی ایک کلوگرام آئس برآمد کرلی۔ کارروائی ایس ایچ او آصف نذیر کی سربراہی میں کی گئی، جس کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش سلیم عرف ساجد شیخ کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم سلیم عرف ساجد پتوکی اور گردونواح میں نوجوان نسل کو آئس کے زہریلے نشے کی لت میں مبتلا کر رہا تھا، جس کے باعث علاقے میں نشے کی لعنت تیزی سے پھیل رہی تھی۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر ملزم کو حراست میں لیا اور اس کے قبضے سے ایک کلوگرام آئس برآمد کی جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔ملزم کے خلاف امتناعِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے دیگر ساتھیوں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔
ڈی ایس پی سجاد اکبر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پتوکی کو منشیات فروشوں سے پاک کرنے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ کسی بھی صورت میں منشیات کے کاروبار کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔پولیس حکام کے مطابق علاقے میں آئس اور دیگر منشیات کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے، جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔