ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر: شاہد خان)یومِ شہداء پولیس کے موقع پر ڈیرہ غازی خان پولیس کی جانب سے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ان عظیم سپاہیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے ملک و قوم کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔

تقریبات میں ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی، ایس ڈی پی او سٹی، ڈی ایس پی ٹریفک سمیت دیگر پولیس افسران، اسکولوں کے طلباء، شہریوں اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران ڈی پی او سید علی نے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں، جبکہ شرکاء نے بھی ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے شمعیں جلا کر ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب میں شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

اس موقع پر باغی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او سید علی نے کہا:”شہداء پولیس ہمارا فخر اور قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی لازوال قربانیاں ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتی رہیں گی۔ یومِ شہداء ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آج جو آزادی اور امن ہمیں میسر ہے، وہ ان ہی جانبازوں کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔”

انہوں نے مزید کہا:”ہم ہر لمحہ شہداء کی فیملیز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا دکھ ہمارا دکھ ہے، اور ان کا فخر ہمارا فخر۔”

یومِ شہداء پولیس کے موقع پر منعقدہ یہ تقریب نہ صرف پولیس شہداء کی قربانیوں کا اعتراف ہے بلکہ نئی نسل کو ان کی قربانیوں سے روشناس کرانے کا ذریعہ بھی ہے۔

Shares: