کوئٹہ،نیوسریاب تھانے کی پولیس موبائل پر دہشت گردوں کے حملے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق، دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تین اہلکاروں کی شہادت ہوئی، جبکہ ایک اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں ایک سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبل شامل ہیں۔ دہشت گردوں کی فائرنگ کے بعد علاقے میں پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا کہ دہشت گردوں کا یہ بزدلانہ حملہ بلوچستان کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کسی صورت کمزور نہیں ہے، اور دشمنوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
مزید برآں، مرکزی مسلم لیگ بلوچستان کے صدر حافظ محمد امجد نے بھی اس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے اور شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔