پولیس مقابلے میں 14 افراد کو قتل کرنیوالا ملزم دو ساتھیوں اور خاتون سمیت ہلاک

پولیس مقابلے میں 14 افراد کو قتل کرنیوالا ملزم دو ساتھیوں اور خاتون سمیت ہلاک

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخواہ کے علاقے لکی مروت میں پولیس نے بڑی کاروائی کی ہے،ٹانک پولیس کو انتہائی مطلوب اشتہاری انعام مروت دو ساتھیوں اور خاتون سمیت مارا گیا،انعام مروت نے کچھ عرصہ پہلے ملازئی ٹانک میں فلائنگ کوچ پر فائرنگ کرکے 14 بے گناہ افراد کو قتل کیا تھا۔

پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ غزنی خیل دمساز خان معمول کے گشت پر تھا کہ انہیں اطلاع ملی کہ ایک گھر میں بدنام زمانہ اشتہاری ساتھیوں سمیت موجود ہے،جس پر پولیس پارٹی نے اس گھر کا محاصرہ کر لیا،اشتہاریوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی،جوابی فائرنگ میں انعام مروت دو ساتھیوں مرسلین اور بلقیاز مارے گئے،

فائرنگ کے نتیجے میں بلقیاز کی ہمشیرہ بھی موقع پر ماری گئی،مقابلے میں ڈی ایس پی رورل ٹانک خالد محمود اور ایک ایلیٹ اہلکار بھی زخمی ہوئے۔یہ مقابلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تھی۔

انعام مروت ٹانک پولیس کو درجنوں مقدمات میں مطلوب تھا اور حکومت نے ان کے سر پر انعام بھی مقرر کیا تھا،کچھ عرصہ قبل انعام مروت نے ملازئی کے قریب فلائنگ کوچ پر فائرنگ کرکے 14 بے گناہ افراد کو بھی قتل کیا تھا۔لاشیں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال لکی مروت منتقل کر دیا گیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق مقابلے میں بھاری ہتھیاروں کااستعمال بھی ہوا ہے۔

Comments are closed.