کراچی: پولیس نے حمیرا اصغر کیس میں اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔
پولیس نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ کی عدالت میں حمیرا اصغر کیس کی رپورٹ جمع کرائی،پولیس رپورٹ کے مطابق حمیرہ کے گھر والوں سے رابطہ ہوا ہے، لاش کا پوسٹ مارٹم ہوچکا ہے، حتمی فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے،عدالت کا کہنا ہے کہ گھر والوں سے پوچھیں وہ مقدمہ درج کرانا چاہتے ہیں یا نہیں، بعد ازاں عدالت نے 16 اگست کو کیس کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
درخواست معروف وکیل شاہ زیب سہیل ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ حمیرہ اصغر کو قتل کیا گیا ہے، لہٰذا مقدمہ درج کر کے مکمل تحقیقات کی جائیں۔
درخواست گزار کے وکیل بدالا احد ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ حمیرااصغر کی موت 7 اکتوبر کو ہوئی، لیکن ان کا موبائل فون فروری 2025 تک استعمال ہوتا رہا۔ وکیل کے مطابق فون کھلا ہوا تھا لیکن میک اپ آرٹسٹ کی فون کالز اٹینڈ نہیں کی گئیں، بعد ازاں حمیرا کے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے ڈی پی بھی ڈیلیٹ کر دی گئی۔
وکیل نے مزید استدعا کی کہ میک اپ آرٹسٹ کو طلب کیا جائے، حمیرا کے بھائی اور دیگر اہلخانہ کو بھی شامل تفتیش کرنے کا حکم دیا جائے، اور پولیس رپورٹ میں ذکر کیے گئے خون کے نمونوں کی بنیاد پر کیس کی نوعیت کو قتل قرار دیا جائے۔
پولیس کے تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اگر ٹھوس شواہد سامنے آئے تو پولیس خود مقدمہ درج کرے گی۔
درخواست میں ایس ایس پی ساؤتھ اور ایس ایچ او گزری کو فریق بنایا گیا ہے عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے قبل پولیس کو حمیرا کے فلیٹ میں 3 سے 4 جگہ پر مٹی کے برتن میں رکھا سفید پاؤڈر ملا جس کے بعد پولیس نے اس پاؤڈر کو کیمیکل تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیجنے کا فیصلہ کیا تھاپولیس ذرائع کے مطابق بظاہر اتنی جگہوں پر سفید پاؤڈر رکھنے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ حمیرا اصغر کے اسٹائلسٹ دانش مقصود نے اداکارہ کی گمشدگی اور موت سے متعلق نئے تہلکہ خیز انکشافات کردیئے جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
حمیرا اصغر کے اسٹائلسٹ دانش مقصود نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ کے فون پر 5 فروری 2025 کے بعد سرگرمیاں ریکارڈ کی گئیں۔ دانش مقصود کے مطابق حمیرا سے ان کی آخری گفتگو 2 اکتوبر 2024 کو ہوئی تھی، جبکہ ان کا واٹس ایپ لاسٹ سین 7 اکتوبر کو دیکھا گیا تھا۔
دانش کا کہنا ہے کہ اکتوبر کے بعد انہوں نے متعدد بار اداکارہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، مگر نہ کالز کا جواب ملا اور نہ ہی بھیجے گئے پیغامات پڑھے گئے۔ جب طویل عرصے تک اداکارہ کی کوئی اطلاع موصول نہ ہوئی، تو انہوں نے 5 فروری 2025 کو سوشل میڈیا پر حمیرا کی گمشدگی سے متعلق پوسٹ کی 6 فروری کو جب دوبارہ رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو واٹس ایپ پر اداکارہ کی ڈی پی غائب تھی اور لاسٹ سین بھی بند ہو چکا تھا جو کہ مشکوک ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے تصدیق کی ہے کہ پولیس نے دانش مقصود سے رابطہ کر کے اسکرین شاٹس حاصل کر لیے ہیں اور تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 8 جولائی کو اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک فلیٹ سے ملی تھی اور وہ گزشتہ 7 سال سے اس فلیٹ میں مقیم تھیں۔