کراچی: محکمہ پولیس میں جعلی ڈومیسائل کی بنیاد پر ملازمت حاصل کرنے والے اہلکار کو نوکری سے برطرف کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔محکمہ پولیس میں بھرتی کے لیے جعلی ڈومیسائل بنانے والے پولیس اہلکارکے خلاف قائد آباد تھانے میں مقدمہ درج کر کے پولیس اہلکار کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔
پولیس اہلکارعبید خان جعلی ڈومیسائل پر محکمہ پولیس میں بھرتی ہوا تھا ، انکوائری کمیٹی نے دستاویزات کی جانچ پڑتال کی تو پولیس اہلکار عبید خان کا ڈومیسائل جعلی نکلا جس پر پولیس اہلکارکےخلاف قائد آباد تھانے میں مقدمہ الزام نمبر 23/68 بجرم دفعہ 468،471 اور420 کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا جبکہ پولیس اہلکار کو ملازمت سےفارغ کردیا گیا۔
ادھر کراچی میں کراچی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے کارکنان کے درمیان تصادم ہوا ہے۔پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کارکنان نے ہمارے کارکنان پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ان کا ایک کارکن زخمی ہوا۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے پریس کلب واقعے کے مقدمے کیلئے آرٹلری تھانے ٹی ایل پی کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست جمع کرادی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹی ایل پی کارکنان نے ریلی میں شریک گاڑیوں کے شیشے توڑے،ریلی میں خواتین بھی شریک تھیں۔
خیال رہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کراچی پریس کلب کے باہر مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔اسی سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام ایک ریلی پریس کلب پہنچی تاہم اس سے قبل وہاں پر تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ اسی دوران تحریک لبیک اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔








