کندھ کوٹ،باغی ٹی وی (نامہ نگارمختیاراعوان) شہید ٹیچرکے قاتلوں کی گرفتاری، مغویوں کی بازیابی اور ڈاکوؤں کے خاتمے تک کچے میں آپریشن جاری رہے گا،ایس ایس پی بشیر احمد بروہی

آپریشن کی سربراہی ایس ایس پی بشیر بروہی رینجرز کے ونگ کمانڈر کر رہے ہیں ،سکول ٹیچر کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چوتھے روز بھی آپریشن جاری ہے۔ ایس ایس پی بشیر احمد بروہی کے مطابق کرم پور کچے میں رینجرز اور پولیس کے اہلکار آپریشن کر رہے ہیں۔

پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور جمال کے علاقے سے پولیس نے 15 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کےکئی ٹھکانوں کو آگ لگادی گئی ہے۔

ایس ایس پی بشیر احمد بروہی نے کہا کہ شہید استاد کے قاتلوں کے گرفتاری مغویوں کی بازیابی اور ڈاکوؤں کے خاتمے تک کچے میں آپریشن جاری رہے گا،ایس ایس پیے مطابق پرائمری اسکول کے استاد اللہ رکھیو نندوانی کےقتل میں ڈاکو صدام نندوانی کا گینگ ملوث ہے۔ استاد کےقتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری تک آپریشن جاری رہےگا۔

خیال رہے کہ اللہ رکھیو نندوانی کو 5 روز قبل سکول سے واپسی پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔اللہ رکھیو نندوانی کچےکے ڈاکوؤں کے خطرے کے باوجود بچوں کو پڑھانےکے لیے سکول پہنچتے تھے۔شہید استاد اللہ رکھیو نندوانی کے قاتل گرفتار نہ ہونے سے ورثاء میں مایوسی پائی جاتی ہے

اللہ رکھیو نندوانی گوٹھ نصراللہ بجارانی میں واقع پرائمری اسکول میں موٹر سائیکل پر اپنی بندوق لےکر جاتے تھے۔چند روز پہلے اللہ رکھیو نندوانی کے بندوق لے کر اسکول جانے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔

دوسری طرف کچے میں ڈاکوؤں کا راج برقرار ہے کہیں پر کوکاری گینگ تو کہیں پر سبزوئی گینگ نے تہلکہ مچایا ہوا ہے،پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں کے جاگیرانی ، بنگوار ، تیغانی اور شر گینگ سمیت 30 سے زائد ڈاکوؤں کے گینگز نے علاقے کے لوگوں کا جینا اجیرن کردیا ہے،

پولیس آپریشن میں جدید سہولیات کے باوجود کچے میں پولیس نے کوئی خطرناک اشتہاری ملزم گرفتار نہیں کیا ہے،پولیس اور رینجرز کے مشترکہ اپریشن میں ناکامی کے بعد ڈاکوؤں نے اپنی سلطنت قائم کرلی ہے اور ڈکیتی کی وارداتیں کو عروج پر پہنچادیا ہے

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر ہو یا قومی شاہراہ ڈاکو لوٹ مار اور لوگوں کو اغوا کر کے باآسانی کچے کی طرف فرار ہو جاتے ہیں .

تنگوانی سے باغی ٹی وی کے نامہ نگار منصور بلوچ کی رپورٹ کے مطابق کشمور پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن تھانہ تنگوانی، جمال اور شبیر آباد کی حدود میں ریڈ آپریشن تیسرے روز بھی جاری رہا لیکن کوئی خاطر خواہ نتیجہ ابھی تک سامنے نہیں آسکا جبکہ اپریشن میں کئی ڈاکوؤں کے ٹھکانے مسمار کر کے آگ لگا دی گئی ہے

Shares: