ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے پولیو مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے دوران غیر متعلقہ افراد پولیو ٹیموں کے ساتھ ہرگز موجود نہ ہوں۔ کسی بھی غیر متعلقہ فرد کی موجودگی کی اطلاع پر فوری سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں مہم کی خود نگرانی کریں گے اور پولیو کے خاتمے میں رکاوٹ بننے والے افسران و ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں خاص طور پر محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مل کر ایک مشترکہ حکمت عملی بنائیں تاکہ مہم کے دوران کوئی بچہ حفاظتی قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کو قومی فریضہ سمجھا جائے اور تمام ادارے باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں۔
سرکاری اور نجی سکول فوری طور پر 5 سال سے کم عمر بچوں کی فہرستیں محکمہ صحت کے حوالے کریں تاکہ ان بچوں تک رسائی یقینی بنائی جا سکے۔
ہر یونین کونسل میڈیکل آفیسر (UCMO) پولیو ٹیموں کے ساتھ مل کر روزانہ کی بنیاد پر کمیونٹی سیشنز کا انعقاد کرے۔ریونیو عملے اور یو سی ایم اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مساجد میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے بارے میں اعلانات کروائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے پولیو ورکرز اور UCMOs کو حکم دیا کہ گھر گھر جا کر تفصیلی سروے کریں اور درج ذیل سوالات ضرور پوچھیں:
آپ کے گھر میں کتنے بچے موجود ہیں؟،کتنے افراد شادی شدہ ہیں؟کتنے بچے اسکول جاتے ہیں اور وہ کس اسکول میں زیرِ تعلیم ہیں؟،اسکول جانے والے بچوں کی عمریں کیا ہیں؟،کیا کوئی مہمان حالیہ دنوں میں آپ کے گھر آیا ہے؟،کیا کوئی بچہ سو رہا ہے؟
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ننکانہ صاحب میں صرف وہی افراد کام کریں گے جو اپنی ڈیوٹی کو ذمہ داری سمجھ کر انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل افسران و ملازمین کی ضلع میں کوئی جگہ نہیں ہوگی اور ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی خود نگرانی کروں گا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہر گھر میں قطرے پلانے کا عمل مکمل ہو۔ کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور مہم کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ تمام اداروں اور افسران کو نیک نیتی اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیں عوامی خدمت کے لیے تنخواہ دیتی ہے، لہٰذا سب کا اولین مقصد ذمہ داری اور ایمانداری کے ساتھ عوامی خدمت ہونا چاہیے۔
ڈپٹی کمشنر کے بیانات اور پولیو مہم کے حوالے سے سخت ہدایات کو عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ان اقدامات سے پولیو کے خلاف مہم مزید مؤثر ہوگی اور ننکانہ صاحب کو جلد ہی پولیو فری ضلع بنایا جا سکے گا۔