سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کیپٹن( ر) شاہ میر نے کہا ہے کہ 8جنوری سے ضلع سیالکوٹ میں پانچ روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگا،مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 7لاکھ 72 ہزار 711 بچوں کو پولیو سے بچاو ¿ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔یہ بات انہوں نے قومی انسداد پولیو مہم کے سلسلہ ڈسٹرکٹ انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شاہ میر نے کہا کہ 5 روزہ قومی انسداد پولیو مہم 12 جنوری تک جاری رہے گی، قومی انسداد پولیو مہم کے دوران 2676 موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر، 133بنیادی و دیہی مراکز صحت اور ہسپتالوں میں اور 69ٹرانزٹ/رومنگ ٹیمیں لاری اڈوں، اہم چوکوں اور بازاروں میں بچوں کو پولیو کےقطرے پلانے کا قومی فریضہ انجام دیں گی جبکہ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے مقامی حکام کے علاوہ129 یوسی مانیٹرنگ آفیسرز اور 536ایریا انچارجز مہم کی نگرانی کے فرائض انجام دیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قومی مہم کے دوران اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی پانچ سال پولیو کی خوراکیں لینے سے محروم نہ رہ جائے اس مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع سیالکوٹ میں 954 جھونپڑ ، خانہ بدوش اور کچی آبادیوں میں مقیم 6ہزار 288 رجسٹرڈ بچوں کو بھی کور کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے والدین اور بچوں کے سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو جیسے جان لیوا موذی مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے پولیو کے قطرے لازمی پلائیں اور اگر کسی جگہ پولیو ٹیمیں نہ پہنچیں تو اس کی بابت ڈسٹرکٹ ایمرجینسی کنٹرول روم سیالکوٹ کے نمبر 9250011پر اطلاع دیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کو پولیو وائرس سے پاک کرنے کیلئے کمیونٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اسد رضا کاظمی ، سی سی او ہیلتھ ڈاکٹر ریحان اظہر ،ڈی ایچ او ڈاکٹر وسیم مرزا، ڈاکٹر عدنان محمود اور ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر شیراز مسعود کے علاؤہ مختلف متعلقہ محکموں کے مقامی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔