اورکزئی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں کارروائی کرتے ہوئے 3 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
باغی ٹی وی: ہلاک ہونے والے دہشت گردوں نے گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس ٹیم پر حملہ کر کے 2 اہلکاروں کو شہید کیا تھاعوام کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی پر خوشی کا اظہار کیا گیا اور سیکیورٹی فورسز کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی، عوام نے خوشی میں ایف سی اہلکاروں کو کندھوں پر اٹھا لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں دہشت گردوں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی، ہنگو پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے پولیو ٹیم پر حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوا ہے، بعد ازاں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے میں دو دہشت گرد بھی ہلاک ہو گئے،واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی موقع پر پہنچ گئی جس کے بعد ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔
رواں سال ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 39 ہوگئی ہے سندھ میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 12 ہے، رواں سال کراچی سے پولیو کے 4 کیس رپورٹ ہوئے، بلوچستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 20 ہے جب کہ خیبرپختونخوا میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 5، پنجاب اور اسلام آباد سے ایک ایک بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہوا۔