پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کرک اور بنوں میں پولیو ٹیموں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے نہ صرف بزدلانہ فعل ہیں بلکہ یہ صحت عامہ کے لیے جاری قومی جدوجہد پر حملہ ہیں،
ان واقعات میں پولیس اہلکار ہیڈ کانسٹیبل عرفان کی شہادت اور پولیو ورکرز کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خالد مسعود سندھو نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان واقعات میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم میں جان کی بازی لگانے والے شہداء اور ورکرز قوم کے ہیرو ہیں، پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے اور شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کی بھرپور مالی معاونت یقینی بنائی جائے۔ خالد مسعود سندھو نے مزید کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ؤ حکومت کو فوری اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ اس قومی مشن کو محفوظ ماحول میں کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ اس قومی مقصد میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب رکن قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر ایکس پر پیغام میں کہا کہ کرک اور بنوں میں پولیو ٹیموں پر حملوں کی شدید مذمت کرتی ہوں،یہ بزدلانہ کارروائیاں ہیلتھ ورکرز اور سیکورٹی اہلکاروں کے خلاف ہیں،برائے کرم ہر بار پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں، اپنے دوستوں، خاندان، اور پڑوسیوں میں پولیو مہم کے حوالے سے بیداری پیدا کریں ،اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی کمیونٹی میں 5 سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں، ہم مل کر اپنے بچوں کی حفاظت کر سکتے ہیں اور پولیو کا خاتمہ کر سکتے ہیں،
خیبر پختونخوا میں پولیو ٹیموں پر حملے،پولیس اہلکار سمیت دو کی موت