آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر میں پہلے مرحلے کے بعد اب دوسرے مرحلے کے انتخابات کا وقت ختم ہوچکا ہے اور ابتدائی نتائج آنے شروع ہوگئے ہیں ، جس میں ابھی تک کوئی بھی پارٹی واضح اکثریت سے دور ہے
بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بزرگ شہری بھی ووٹ ڈالنے چلے آئے ،کئی علاقوں میں ووٹرز کئی میل پیدل چل کر پولنگ اسٹیشن پہنچے۔آج پونچھ ڈویژن کے 4 اضلاع راولا کوٹ، باغ، پلندری اور حویلی میں انتخابات ہو رہے ہیں۔
آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں 9 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
ووٹنگ کے لیے 1 ہزار 867 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، پونچھ ڈویژن میں 12 امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔آزاد جموں کشمیر کے بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں پی ٹی آئی کو شکست ہو گئی، پی ٹی آئی میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کی 36 میں سے 8 نشستیں جیت سکی جبکہ مسلم لیگ ن 12 وارڈز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
مظفر آباد کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو بھی 7 نشستیں مل گئیں،7 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے جبکہ 2 سیٹوں پر مسلم کانفرنس نے کامیابی حاصل کی۔نیلم، جہلم ویلی اور مظفرآباد کے 3 اضلاع کی یونین کونسلز کی 74 میں سے33 نشستوں پر تحریک انصاف کامیاب رہی۔
غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی 23، مسلم لیگ ن 10 سیٹوں پر کامیاب رہی 5 پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ مسلم کانفرنس 2 نشستیں جیت سکی۔