لاہور پولو کلب کے زیراہتمام دسواں شاہ رفیع عالم پولو کپ 2023ء سپانسرڈ بائی یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کا فائنل ٹیم ری ماؤنٹس نے اپنے نام کر دیا ۔ فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد ٹیم ایف جی /دین پولو کی ٹیم کو 9-5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور پولو کلب میں پولو کے فائنل دیکھنے کیلئے فیملیز، تماشائیوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی جنرل شاہ رفیع عالم کی بیگم مسز تمیز عالم تھیں۔ یونائیٹڈ بینک کے حیدر ملک یوبی ایل،لاہور پولو کلب کے صدر اعظم حیات نون، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز، جنرل شاہ رفیع عالم کی فیملی،اور ممبرز پولو لورز کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ فائنل میچ کافی دلچسپ رہا۔ ری ماؤنٹس اور ایف جی /دین پولو کے درمیان کانٹے کا میچ دیکھنے کو ملا۔ ری ماؤنٹس کی ٹیم نے پہلے چکر سے ہی لیڈ بنائی رکھی اور میچ 9-5 سے جیت لیا۔ ری ماؤنٹس کی طرف سے ارجنٹائن سے آئے ہوئے کھلاڑی ابلینڈا نے 6،محمد نعیم، شاہد عمران اور حمزہ اقبال نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ایف جی /دین پولو کی طرف سے خوان کروز گروگل نے تین، ممتاز عباس نیازی اورمیاں عباس مختار نے ایک ایک گول سکور کیا۔ قبل ازیں سب سڈری فائنل میں ٹیم ڈائمنڈ پینٹس نے ڈی ایس /شیخو سٹیل کی ٹیم کو 9-6.5 سے ہرا دیا۔ ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے راجہ تیمور ندیم نے چار،میر حذیفہ احمد نے چار، ثاقب خان خاکوانی نے دو گول سکور کیے۔

Shares: