ڈیرہ غازی خان باغی ٹی وی (شہزادخان) پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے سینکڑوں پالیسی ہولڈرز رُل گئے، تفصیلات کے مطابق منسٹری آف انفارمیشن پاکستان نے پوسٹل لائف انشورنس کو چند ماہ پہلے پرائیویٹ کر دیا تھا اور پوسٹل لائف انشورنس کارپوریشن میں کام کرنے والے ملازمین کی چھانٹی کر کے ان کی تعیناتی جنرل پوسٹ آفس ڈیرہ غازی خان میں کر دی تھی اور پوسٹل لائف انشورنس کے لئے صر ف دو افراد پر مشتمل عملہ رہ گیا۔ پہلے پالیسی ہولڈرز کو اقساط جمع کرانے کے لئے محکمہ کی طرف سے ووچر بک دی جاتی تھی جس کو وہ مقررہ وقت پر پُر کر کے جمع کر دیتے تھے نئی پالیسی کے تحت ان کی پالیسی نمبرکی رسیدات محکمہ کی مخصوص ویب سائٹ سے نکالنا ضروری ہے جس میں پالیسی ہولڈرز کو بہت پریشانی کا سامنا ہے۔ کئی ماہ پہلے آفس میں یہ سہولت موجود تھی اب وہاں پر نہ بجلی ہوتی ہے اور نہ انٹرنیٹ جس کی وجہ سے سینکڑوں پالیسی ہولڈرز اپنی اقساط جمع کرانے کے لئے پریشان ہیں۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے شہری نیو پالیسی نہیں کروا رہے۔ پالیسی ہولڈرز نے منسٹری آف انفارمیشن پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ سابقہ پالیسی کو بحال کیا جائے اور کروڑوں روپے کی اقساط جمع کرانے والے پالیسی ہولڈرز کو رُلنے سے بچایا جائے۔

Shares: