ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹرجواداکبر)ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے متاثرین کی امداد کے لیے غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) سے تعاون طلب کر لیا ہے۔ اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قدسیہ ناز کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف این جی اوز اور متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قدسیہ ناز نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں تین طرح کے سیلاب کا خطرہ موجود رہتا ہے: دریائے سندھ میں طغیانی، رود کوہیوں میں سیلابی ریلے اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ۔ ان خدشات کے پیش نظر مربوط حکمتِ عملی اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ این جی اوز متاثرین کو راشن بیگز اور دیگر اشیائے ضروریہ ضلعی انتظامیہ کی مشاورت سے فراہم کریں تاکہ شفافیت برقرار رہے اور ہر مستحق تک امداد پہنچ سکے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ذکاء الدین بزدار نے اجلاس کے دوران این جی اوز کا تعارف کرایا اور حکومتی پالیسیوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں موجود دیگر محکموں کے افسران نے بھی اپنی تیاریوں اور دستیاب وسائل پر بریفنگ دی۔
اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور این جی اوز باہمی تعاون سے مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں گے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔