پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈاک رابطے بھی منقطع ہیں

0
21

پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان ڈاک رابطے بھی منقطع ہیں جب کہ یونیورسل پوسٹل یونین کے قواعد کے مطابق ڈاک کی ترسیل کسی بھی دو ملکوں کے درمیان جنگ کی صورت میں بھی منقطع نہیں کی جا سکتی۔ پاکستان پوسٹ لاہور کے ایک سینئر افسر سے جب اس حوالے سے بات ہوئی تو انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈاک رابطے اکتوبر 2019 سے بند ہیں۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ اس قبل کئی بار دونوں ملکوں میں سخت کشیدگی کے باوجود ڈاک کا سلسلہ دیگر ذرائع سے جاری رہا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اکتوبر 2019 سے قبل بھارت سے واہگہ بارڈر کے راستے ڈاک کے تھیلے پاکستان آئے تھے جن میں سے 26 خطوط اس وقت بھی ڈاک خانے میں موجود ہیں جن کو تقسیم نہیں کیا جاسکا۔ ان خطوط پر یا تو موصول کرنے والوں کے ایڈریس غلط ہیں یا پھر وہ خطوط وصول کرنے سے انکاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قانون کے مطابق پاکستان ان26 خطوط کو بھارت واپس بھجوانے کا پابند ہے لیکن دونوں ملکوں کی سرحدیں اور فضائی رابطے بند ہونے کی وجہ سے وہ خطوط بھارت واپس نہیں بھیجے جا سکے تاہم اس حوالے سے محکمہ ڈاک نے وزارت خارجہ سے رابطہ کیا ہے۔  

Leave a reply