سرینگر(باغی ٹی وی رپورٹ) مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام نے پاکستان کی جانب سے یومِ یکجہتی کشمیر منانے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے پوسٹرز آویزاں کر دیے۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق سری نگر سمیت مقبوضہ وادی کے مختلف شہروں اور قصبوں میں یہ پوسٹرز لگائے گئے ہیں، جن میں کشمیری عوام نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔
ان پوسٹرز پر پاکستانی قیادت کی تصاویر کے ساتھ ساتھ مختلف نعرے بھی درج ہیں، جن میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور بھارتی تسلط کے خلاف مزاحمت کی حمایت کا اظہار کیا گیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری عوام ہر سال 5 فروری کو پاکستان کی جانب سے یومِ یکجہتی کشمیر منانے کو امید کی ایک کرن کے طور پر دیکھتے ہیں۔ یہ دن پہلی مرتبہ 1990 میں منایا گیا تھا اور تب سے ہر سال پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہیں، جس پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جانب سے والہانہ پذیرائی کی جاتی ہے۔
مبصرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مقبوضہ وادی میں ایسے پوسٹرز لگانے پر بھارتی فورسز کی جانب سے سخت ردِ عمل متوقع ہے۔ ماضی میں بھی ایسے کسی بھی اظہارِ یکجہتی پر بھارتی سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کی ہیں اور درجنوں کشمیریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف کشمیری عوام طویل عرصے سے مزاحمت کر رہے ہیں، اور پاکستان ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔








