گوجرخان باغی ٹی وی (نامہ نگار شیخ ساجد قیوم ) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی
اسپیکر نے اس موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوٹھوہار پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس کے آغاز کا دن میرے لئے انتہائی خوشی کا دن ہے، اس دن تک پہنچنے کے لئے ہم نے کئی سال محنت کی ہے۔ خطہ پوٹھوہار کو جدید، اعلیٰ اور معیاری تعلیم کی فراہمی کو میں اپنا نصب العین سمجھتا ہوں۔
اسپیکر نے کہا کہ باؤلی کے مقام پر 800 سو کنال اراضی پر پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس کی تعمیر کی جائے گی۔ اس زمین کے حصول کے لئے ہم نے دن رات ایک کیا۔ کیمپس کی تعمیر کے لیے چار ارب روپے کی رقم کا بجٹ منظور ہو چکا ہے۔
اس اقدام سے گوجر خان اور ملحقہ علاقوں کے نوجوان طلباء وطالبات کو گھر کی دہلیز پر اعلیٰ اور معیاری تعلیم کا حصول ممکن ہو گا۔
پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس کو ہم گوجر خان کی خوبصورت ترین یونیورسٹی بنائیں گے۔ جس جس نے اس مقدس فریضہ کی تکمیل کے لئے ساتھ دیا میں ان سب کا مشکور ہوں۔