ٹھٹھہ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) گھارو پمپنگ اسٹیشن اور فلٹر پلانٹ کو کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث شہر میں پانی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق بجلی کی معطلی 18 جولائی کو سہ پہر 3 بجے کیبل فالٹ کے باعث ہوئی، جس کے بعد پمپنگ کا عمل مکمل طور پر بند ہوگیا ہے۔

واٹر کارپوریشن کے مطابق گھارو پمپنگ اسٹیشن سے یومیہ 30 ایم جی ڈی (ملین گیلن ڈیلی) پانی شہر کو فراہم کیا جاتا ہے، اور بجلی کی عدم فراہمی کے باعث اس پانی کی سپلائی معطل ہو چکی ہے۔

متاثرہ علاقوں میں پورٹ قاسم، بن قاسم ٹاؤن، شاہ فیصل ٹاؤن، پی این ایس مہران، پی اے ایف بیس فیصل اور کارساز شامل ہیں، جہاں آنے والے دنوں میں پانی کی قلت سنگین صورتحال اختیار کر سکتی ہے۔

واٹر کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کیبل فالٹ کے خاتمے کے لیے کے الیکٹرک انتظامیہ سے مسلسل رابطے جاری ہیں اور جلد از جلد بحالی کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تاہم، تاحال فالٹ کو دور نہیں کیا جا سکا۔

عوامی سطح پر تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے اور شہری حلقوں نے کے الیکٹرک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پانی کی فراہمی سے متعلق اس نازک معاملے میں فوری اقدامات کرے تاکہ شہر پانی کے بحران سے بچ سکے۔

Shares: