خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے پاکستان پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام نے شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے اسے محض نمائشی اقدام قرار دے دیا۔
اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا اسمبلی ڈاکٹر عباداللہ خان کا کہنا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ طور پر اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر سید محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ صوبے میں حکومت صرف دھرنوں اور مظاہروں میں مصروف ہے، عوامی مسائل پر توجہ نہیں دی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہوتی تو متعدد بار ہونے والی مشاورتوں کا کوئی نتیجہ ضرور نکلتا۔
دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے بھی واضح الفاظ میں کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی بلائی گئی کانفرنس میں شرکت کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ حکومت پہلے ہی اپنے فیصلے کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ کانفرنس تحریک انصاف کی سیاسی حیثیت میں بلائی جاتی تو اے این پی ضرور شرکت کرتی۔جے یو آئی (ف) کی جانب سے بھی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے صوبائی حکومت کی جانب سے امن و امان کے مسئلے پر سیاسی اتفاق رائے حاصل کرنے کی کوشش کو دھچکا پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے تمام سیاسی جماعتوں کو اے پی سی میں مدعو کیا تھا، لیکن بڑی اپوزیشن جماعتوں کی عدم شرکت سے کانفرنس کی اہمیت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ایران نے آئی اے ای اے کی تکنیکی ٹیم کے دورے کی اجازت دے دی
ایئر انڈیا حادثے میں برطانیہ کو غلط میتیں بھیجنے کا معاملہ، بھارتی وضاحت
ایرانی صدر کا پاکستان کا متوقع دورہ، تیاریاں حتمی مراحل میں
اٹلی: چھوٹا طیارہ ہائی وے پر گر کر تباہ، خاتون سمیت 2 افراد ہلاک