اسلام آباد(باغی ٹی وی)چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی بلوچستان کی تنظیم تحلیل کردی،نئی تنظیم سازی کے لیے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی،کمیٹی دو ماہ میں تجاویز پیش کرے گی،کمیٹی غیر جانبدار رہے گی اور اراکین خود کوئی عہدہ نہیں لیں گے
تفصیل کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں پارٹی کی تنظیم کو تحلیل کرتے ہوئے تنظیم نو کے لیے چھ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مکمل طور پر غیر جانب دار رہ کر نئی تنظیم کے حوالے سے سفارشات تیار کرے اور دو ماہ کے اندر پارٹی قیادت کو اپنی تجاویز پیش کرے۔
کمیٹی کے اراکین میں نواب ثناء اللہ زہری، صابر بلوچ، صادق عمرانی، سید اقبال شاہ، سردار عمر گورگیج اور میر باز کھیتران شامل ہیں۔ کمیٹی تنظیم سازی کے دوران پارٹی کے سینئر رہنماؤں، ضلع اور ڈویژن سطح کے عہدیداروں سے مشاورت کرے گی اور اس کے بعد اپنی سفارشات پارٹی قیادت کو پیش کرے گی۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس بات کی بھی وضاحت کی ہے کہ کمیٹی کے اراکین خود کوئی پارٹی عہدہ نہیں لے سکیں گے تاکہ تنظیم نو کا عمل غیر جانب دار اور شفاف رہے۔
یہ فیصلہ بلوچستان میں پارٹی کی بہتر تنظیم سازی اور قیادت کو فعال کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ پارٹی عوامی مسائل کو بہتر طریقے سے حل کرنے کی صلاحیت حاصل کرے۔