پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ مزدور کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے محنت کش طبقے کے حقوق، وقار اور انہیں بااختیار بنانے کے متعلق اپنی جماعت کے تاریخی اور غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پی پی پی چیئرمین بلاول زرداری نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہےکہ یکم مئی نہ صرف اُن مزدوروں کی قربانیوں کی یاد دہانی کا دن ہے جنہوں نے مناسب اجرت اور باعزت کام کے حالات کی جدوجہد میں اپنی جانیں دیں، بلکہ یہ دن ہمیں اس جدوجہد کو آگے بڑھانے کا عزم بھی دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آغاز سے ہی مزدور طبقے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر جدوجہد کی ہے۔ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے نہ صرف مزدوروں کو یونین سازی کا حق دیا، بلکہ ان کی فلاح کے لیے ای او بی آئی جیسے ادارے قائم کیے۔ جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو وزیر اعظم بنیں تو اُن کا پہلا حکم اُن مزدور رہنماؤں کی رہائی تھا جنہیں آمریت کے دور میں سیاسی بنیادوں پر قید کیا گیا تھا۔ صدر آصف علی زرداری کے پہلے دورِ حکومت میں تمام مزدور مخالف شقوں کو آئین سے نکالا گیا اور تنخواہوں و پنشنز میں تاریخی اضافہ کیا گیا۔ ہم اس ورثے کو فخر کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ باعزت روزگار، منصفانہ اجرت اور سماجی تحفظ ہر محنت کش کا بنیادی حق ہے — چاہے وہ فیکٹری میں کام کرنے والا ہو، کسان ہو، گھریلو ملازم ہو یا غیر رسمی اور ڈیجیٹل معیشت کا حصہ ہو۔ پیپلز پارٹی مزدوروں کی بہبود کو اولین ترجیح دینے والی پالیسیوں پر کاربند ہے، جن میں مناسب کم از کم اجرت، طبی سہولیات، پنشنز، اور محفوظ کام کی جگہیں شامل ہیں۔
بلاول نے زور دیا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور کی اکانومی کی حقیقتوں کے مطابق مزدور قوانین کو جدید بنانے کی فوری ضرورت ہے تاکہ کوئی بھی مزدور پیچھے نہ رہ جائے۔ محنت کشوں کے حقوق اور فلاح کے حوالے سے سندھ اسمبلی نے جو قانون سازی کی ہے، اس کی مثال ملک کے کسی اور صوبے میں نہیں ملتی۔ سندھ حکومت کا بینظیر مزدور کارڈ ایک انقلابی اقدام ہے، جس کے ذریعے مزدوروں کو تعلیم، صحت، شادی گرانٹ، مالی امداد اور وظائف جیسی بنیادی سہولیات حاصل ہوں گی۔ انہوں نے پاکستانی مزدوروں کی ثابت قدمی اور محنت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے محنت کش ہی ہماری معیشت اور قوم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی — جدوجہد میں بھی، خدمت میں بھی۔