سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی ذوالفقار علی کے گھر ڈاکوؤں نے بڑی ڈکیتی کی واردات کر ڈالی۔ واردات کے دوران مسلح ملزمان اہلخانہ کو کئی گھنٹوں تک یرغمال بنائے رکھا اور گھر سے قیمتی سامان، نقدی اور زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ رات گئے ڈھائی بجے سے صبح پانچ بجے کے درمیان پیش آیا، جب چار مسلح ڈاکو دیوار توڑ کر ایم این اے ذوالفقار علی کے گھر میں داخل ہوئے۔ ڈاکوؤں نے گھر کے تمام افراد کو یرغمال بنا کر دھمکیاں دیں اور لوٹ مار کا سلسلہ طویل وقت تک جاری رکھا۔ذوالفقار علی نے بتایا کہ ڈاکو زیورات، نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء کے ساتھ ایک گاڑی بھی لے گئے۔ بعد ازاں وہ گاڑی مورو بائی پاس کے قریب چھوڑ گئے۔ ایم این اے کے مطابق واردات کے دوران گھر کے باہر بھی ڈاکوؤں کے کچھ ساتھی پہرہ دیتے رہے تاکہ کوئی شخص پولیس کو اطلاع نہ دے سکے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعہ ڈکیتی کی نوعیت کا ہے، کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزیرداخلہ اور ڈی آئی جی نے واقعے کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے ذاتی طور پر رابطہ کیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

Shares: