پُرامن احتجاج پر لاٹھی چارج: پیپلز پارٹی کے ایم پی اے احمد کریم کنڈی کا خیبرپختونخوا اسمبلی میں شدید احتجاج

پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں ایک اہم توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروایا ہے، جس میں گزشتہ روز پشاور میں ہونے والے پیپلز پارٹی کے پُرامن احتجاج پر پولیس کی طرف سے کیے گئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے استعمال کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

احمد کریم کنڈی نے اسمبلی میں جمع کروائے گئے نوٹس میں اس واقعے کو شہری آزادیوں اور جمہوری اقدار کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج ایک بنیادی انسانی و جمہوری حق ہے، جسے دبانے کی کوشش حکومت کی آمرانہ سوچ کا عکاس ہے۔ "یہ تشدد صوبائی حکومت کے ماتھے پر ایک سیاہ دھبہ ہے، جو کبھی نہیں مٹ سکے گا،” انہوں نے زور دے کر کہا۔ایم پی اے کنڈی نے بتایا کہ احتجاج کے دوران نہ صرف سیاسی کارکنان بلکہ بزرگ شہریوں، خواتین اور نوجوانوں کو بھی پولیس تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام کی آواز سننے کے بجائے طاقت کے ذریعے انہیں خاموش کرانا چاہتی ہے۔ پُرامن احتجاج کو کچلنا ایک جمہوری حکومت کے شایانِ شان نہیں۔ "ایسی کارروائیاں جمہوری اصولوں کے منافی ہیں، اور عوامی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اختلاف رائے کو برداشت کرے اور احتجاج کرنے والوں کو سننے کا حوصلہ رکھے۔” اس واقعے کی فوری اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی بھی پُرامن احتجاج پر ایسے ظالمانہ اقدامات نہ کیے جائیں۔

Shares: