پیپلز پارٹی ہر فورم پر کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گی،بلاول

bilawal

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کے لیے پیپلز پارٹی کا عزم مضبوط ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے اپنے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کی شدید مذمت کی اور اسے کشمیری عوام کے ساتھ ایک سنگین ناانصافی قرار دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کشمیری عوام کے ساتھ اس وقت تک کھڑی رہے گی جب تک وہ اپنے حق خود ارادیت کو حاصل نہیں کر لیتے۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے 1990 میں 5 فروری کو سرکاری تعطیل کا اعلان کیا تھا اور ان کی قیادت میں کشمیریوں کی حمایت میں ہمیشہ آواز اٹھائی گئی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ 70 سال سے زائد عرصے سے بھارتی افواج نے کشمیری بھائیوں پر مظالم ڈھائے ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں کشمیری شہید، معذور اور قید ہو چکے ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کے لیے ایک ہزار سال لڑنے کا عزم کیا تھا اور پیپلز پارٹی اس عزم پر ثابت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر درحقیقت برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے اور جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، اس علاقے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔بلاول بھٹو زرداری نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں اور پیپلز پارٹی ہر فورم پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور بھارت کو کشمیری عوام پر ظلم سے روکنے کے لیے دباؤ ڈالے

حکومت کیخلاف اپوزیشن جماعتیں متحد،مولانا فضل الرحمان کا پھر انتخابات کا مطالبہ

اترکھنڈ میں نیشنل گیمز میں فکسنگ ،تین لاکھ لائیں گولڈ میڈل لیں

Comments are closed.