پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو نہ صرف آزاد جموں و کشمیر بلکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں نمائندگی کر سکتی ہے، اور ہم کشمیری عوام کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی اجلاس میں موجود تھیں،اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی، بلاول بھٹو زرداری کو آزاد جموں و کشمیر کے نمائندوں نے عوامی مسائل سے آگاہ کیا، بلاول بھٹو زرداری اور پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کے رہنماؤں کے درمیان تنظیمی امور میں بہتری کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں سابق وزیراعظم اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف بھی موجود تھے، اجلاس میں چوہدری محمد یاسین، فیصل ممتاز راٹھور، چوہدری لطیف اکبر، سردار جاوید ایوب اور سردار محمد یعقوب خان شریک تھے، میاں عبدالوحید، جاوید اقبال بندھانوی، سید باذل نقوی، سردار ضیاء قمر، چوہدری قاسم مجید اور چوہدری عامر یاسین بھی اجلاس میں موجودتھے،اجلاس میں عامر غفار لون، چوہدری علی شان، جاوید بٹ، رفیق نیر، سردار احمد صغیر، نبیلہ ایوب اور دیگر بھی شریک تھے، عبدالماجد خان، عاصم شریف، چوہدری محمد اکبر، سردار فہیم اختر ربانی، یاسر سلطان اور چوہدری محمد اخلاق بھی اجلاس میں موجود تھے، اجلاس میں چوہدری محمد ارشد، سردار محمد حسین، ملک ظفر اور چوہدری محمد رشید شریک تھے، چوہدری پرویز اشرف، چوہدری محمد ریاض اور سردار تنویر الیاس خان نے بھی بطور خصوصی مدعوئین اجلاس میں شرکت کی

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیر میں حکومت بنانے اور سنبھالنے کی پوزیشن میں آگئے ہیں، اس اسمبلی کا جو وقت رہتا ہے یہ پیپلزپارٹی کیلیےامتحان ہوگا، ہماری کوشش ہوگی کہ کشمیر کے عوام کے مطالبات پرعمل درآمد ہو، نئے قائد ایوان کا نام عدم اعتماد کی تحریک جمع کرواتے وقت سامنے لایا جائے گا، ایک سیاسی سازش کی وجہ سے کشمیر میں ایک خلا پیدا کیا گیا، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ملکی اور عالمی سطح پر کشمیر کی نمائندگی کر سکتی ہے، اپنے پارلیمانی ساتھیوں اور نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کا شکر گزار ہوں، کوشش ہوگی کشمیری عوام کی امنگوں پر پورا اتریں، کشمیریوں سے وعدہ کرتا ہوں ان کو مایوس نہیں کروں گا، کشمیریوں کے جو مسائل ہیں ان کا سیاسی حل ہے، پیپلزپارٹی اور کشمیر کی تاریخ سب کے سامنے ہے، پیپلزپارٹی کی سیاست کشمیر کے مسائل کے حل کیلئے ہے، کشمیر کا مسئلہ ملک اور دنیا بھر میں اجاگر کیا ہے، تین نسلوں سے کشمیریوں کا مقدمہ دنیا بھر میں لڑ رہے ہیں، فخر ہے کہ بطور وزیر خارجہ کمشیریوں کی جدوجہد کو آگے لیکر چلا، پی ٹی آئی کی حکومت میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں نے حالات کا مقابلہ کیا، آزاد کشمیر میں ہماری جیت کو شکست میں تبدیل کیا گیا، پیپلز پارٹی پھر بھی پیچھے نہیں ہٹی جگہ جگہ عوام کی نمائندگی کی۔

Shares: