چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں شہید بےنظیر بھٹو کی یاد میں کیے گئے وعدوں پر قائم رہنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ انسانی حقوق اور آزادی صحافت کے تحفظ کے لیے کام کیا ہے اور ان حقوق کو حاصل کرنے میں پارٹی کا بڑا کردار رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نے مل کر تین نسلوں سے کامیاب آئین سازی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور آئین کی حفاظت میں دونوں جماعتوں کا کردار یکساں ہے۔بلاول بھٹو نے چارٹر آف ڈیموکریسی کے وعدوں کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ ان وعدوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور پارٹی عوام کو فوری انصاف دلانے کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے موجودہ عدالتی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر لوگوں کو اس نظام سے مطمئن نہیں ہیں تو آئینی عدالت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حالیہ فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا جس میں بھٹو کے خلاف عدالتی کارروائی کو یکطرفہ قرار دیا گیا۔
چیئرمین پی پی نے عدلیہ کے موجودہ نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کے فیصلوں میں تاخیر کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے افتخار چوہدری اور دیگر ججز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کی شفافیت اور عوامی اعتماد کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ بلاول بھٹو نے یہ بھی تجویز دی کہ صوبائی سطح پر الگ آئینی عدالتیں بنائی جائیں تاکہ کیسوں کا جلد حل ممکن ہو سکے، اور اس کے لیے ہائی کورٹ ججز اور وکلا کی مشاورت ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر آمریت کے دور میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ان کی جدوجہد کی بدولت جمہوریت بحال ہوئی۔ بلاول بھٹو نے اپنی پارٹی کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے انہیں منتخب کیا ہے اور وہ کسی قسم کی مصلحت پسندی کے بغیر اپنے عزم پر قائم ہیں۔

Shares: