بالی ووڈ کی معروف اور خوبصورت اداکارہ کترینہ کیف ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں، تاہم اس بار وجہ اُن کی نئی فلم یا فیشن فوٹو شوٹ نہیں بلکہ اُن کی وائرل ہونے والی تصاویر ہیں۔
بھارتی میڈیا پورٹل نے کترینہ کیف کی چند نجی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ اپنے ممبئی کے اپارٹمنٹ کی بالکونی میں کھڑی نظر آرہی ہیں۔ تصاویر میں اُن کے خدوخال سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر حاملہ ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، 42 سالہ اداکارہ اس وقت تین ماہ کی امید سے ہیں۔ان تصاویر کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور صارفین کی جانب سے مخلوط ردعمل سامنے آیا۔ کئی صارفین نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کترینہ کیف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ متعدد صارفین نے میڈیا پورٹل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہ اس نے ایک خاتون اداکارہ کی ذاتی زندگی اور پرائیویسی کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔
یاد رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے 9 دسمبر 2021ء کو راجستھان کے ایک شاندار ریزورٹ میں شاہی انداز میں شادی کی تھی۔ شادی کے کچھ عرصے بعد ہی ان کے والدین بننے کی افواہیں گردش میں آگئی تھیں، تاہم اس وقت دونوں نے ایسی خبروں کی تردید کی تھی۔تاہم حال ہی میں کترینہ کیف نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے ایک خوشگوار تصویر شیئر کی، جس کے بعد مداحوں نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ اداکارہ جلد اپنے پہلے بچے کی خوشخبری سنانے والی ہیں۔









