صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اسرائیلی افواج کی جانب سے امدادی مشن “صمود غزہ فلوٹیلا” پر جارحانہ کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت، انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اسرائیلی حملہ نہ صرف انسانی المیے کو بڑھانے کی ایک مذموم کوشش ہے بلکہ عالمی قوانین اور انسانی ہمدردی کے تقاضوں کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو اب یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ فلسطینی عوام کو درپیش مصائب کا واحد حل فوری اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور فلسطین میں پائیدار امن کے قیام میں ہے۔صدرِ مملکت نے فلوٹیلا میں شریک پاکستانی شہریوں کی بہادری، جرات اور انسان دوستی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستانی عوام کے جذبۂ ایثار اور مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ان کی غیر متزلزل یکجہتی کا مظہر ہے۔ انہوں نے فلوٹیلا پر موجود پاکستانی شرکاء کی سلامتی اور فوری واپسی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کا سخت نوٹس لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ غزہ کے عوام تک امداد کی ترسیل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور کھڑا رہے گا، اور ہر سطح پر فلسطین کے حقِ خودارادیت اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔