اسلام آباد: ایوان صدر میں صدر آصف زرداری سے وزیراعظم اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات کی۔
باغی ٹی وی : ذرائع کے مطابق ملاقات نئے چیف جسٹس کی حلف برداری تقریب کے موقع پر ہوئی، ملاقات میں ملکی مجموعی صورت حال پر تفصیلی مشاورت کی گئی، ملاقات میں ملک کی امن و امان اور معاشی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی اورسیاسی اور عسکری قیادت نے ملکی ترقی کیلئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، ملاقات میں پاکستان میں ایس سی او کانفرنس کے انعقادکا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک خوش آئند پیشرفت قرار دیا گیا،ملاقات آدھا گھنٹہ جاری رہی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جسٹس یحیی آفریدی نے نئے چیف جسٹس کا حلف اٹھایا،چیف جسٹس یحی آفریدی حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ پہنچے،چیف جسٹس یحیی آفریدی کو سپریم کورٹ پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،رجسٹرار سپریم کورٹ جزیلہ سلیم نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا،جسٹس یحیی آفریدی نے چیف جسٹس چیمبر سنبھال لیا،سپریم کورٹ پہنچنے کے بعد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے 28 اکتوبر کو ججز کا فل کورٹ اجلاس بلا لیا-